وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کل بھی کوئٹہ کے مومنین کی امیدوں کا مرکز تھی اور آج بھی عوام کی امیدوں کا مرکز ہے۔ ہم عوام کے خادم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع ہزارہ ٹاؤن کوئٹہ کے ضلعی دفتر میں اہم اجلاس کے موقع پر کیا۔ اجلاس کی صدارت ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی صدر سید ابراہیم شاہ کر رہے تھے۔ جبکہ مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی، رکن شوریٰ عالی سابق صوبائی وزیر قانون آغا سید محمد رضا، صوبائی نائب صدر علامہ شیخ ولایت حسین جعفری، مولانا سید عباس موسوی اور اراکین ضلعی کابینہ شریک ہوئے۔ اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم ضلع ہزارہ ٹاؤن کی تنظیمی فعالیت اور عوامی رابطہ مہم کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ دستوری طور پر ضلعی انتخابات کے بعد تمام یونٹس کی تنظیم نو ضروری ہے۔ یونٹس شوریٰ اجلاس کے ذریعے جمہوری اور دستوری پراسس کے مطابق یونٹس کی تنظیم نو کی جائے۔ مجلس وحدت مسلمین کل بھی کوئٹہ کے مومنین کی امیدوں کا مرکز تھی اور آج بھی عوام کی امیدوں کا مرکز ہے۔ ہم عوام کے خادم ہیں اور عوام کی خدمت کو عظیم عبادت اور اپنے لئے اعزاز سمجھتے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں کوئٹہ سے بھرپور انداز میں حصہ لیں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آغا سید محمد رضا نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اقتدار کی بجائے اعلیٰ اسلامی و انسانی اقدار کے لئے میدان عمل میں ہے۔ قائد وحدت کی مدبرانہ قیادت میں ملت کے حقوق کے حصول کی جدوجہد جاری رہے گی۔ اس موقع پر عوامی رابطہ مہم یونٹس کی تنظیم نو اور برسی شہداء کے پروگرامز پر مشاورت کی گئی۔