وحدت نیوز(اسلام آباد)آسمان عصمت و طہارت کے گیارھویں درخشاں ستارے اور نویں امام حضرت امام محمد تقی علیہ السّلام کی شہادت کی مناسبت سے چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے تمام مومنین کرام اور باالخصوص اپنے وقت کے امام حضرت ولی العصر امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خدمت اقدس میں تعزیت و تسلیت عرض کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کے کندھوں پر کم سنی میں ہی امامت کی عظیم اور بھاری زمہ داری آن پڑی، جسے آپ کی ذاتِ اقدس نے باطریق احسن نبھایا،حضرت امام محمد تقی علیہ السّلام کو کمسنی ہی میں مصائب اور پریشانیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہونا پڑا، آپ کو بہت کم ہی اطمینان اور سکون کے لمحات میں باپ کی محبت ، شفقت اور تربیت کے سائے میں زندگی گزارنے کا موقع مل سکا، آپ اخلاق و کردار کی عالی ترین مثال تھے۔
انہوں نے کہا کہ کم سن ہونے کے باوجود علم وفضل، جود و سخا اور معرفت و بُردباری میں تمام اہلِ فضل سے ممتاز ہیں، آپ علمی فضائل و کمالات میں اپنے دور کے تمام علماء وفقہاء پر نمایاں ہو چکے تھے، تفسیر قرآن اور علم الکلام پر اس قدر دسترس حاصل تھی کہ سب معترف نظر آتے تھے اور آپ کے علمی کمال و وجاہت سے سب علماء و فضلاء مبہوت تھے، آپ کی ذاتِ مبارکہ کے پاکیزہ اوصاف و کردار پر عمل پیرا ہو کر ہم آج بھی اپنی انفرادی واجتماعی زندگی کو بہترین راستے پر گامزن کر سکتے ہیں۔