وحدت نیوز(کوئٹہ)امام جمعہ کوئٹہ اور مجلس علماء مکتب اہل بیت کے رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا ہے کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی وطن عزیز میں اتحاد امت کے ذریعے امن و ترقی لانے کے خواہشمند تھے۔ شہید قائد کو امریکہ کے اشارے پر شہید کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی برسی کے موقع پر سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پانچ اگست 1988 کی تاریخ پاکستان کے تمام مسلمانوں اور خاص کر شیعیان حیدر کرار کیلئے یتیمی کا دن ہے۔ جس میں امریکہ کے اشارے پر اس وقت کے ڈکٹیٹر نے علامہ شہید سید عارف حسین الحسینی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کو شہید کروایا۔ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ علامہ عارف حسین الحسینی وطن عزیز میں اتحاد امت کے ذریعہ امن و ترقی اور خوشحالی لانے کے خواہشمند اور شب روز تگ و دو کرنے والے تھے۔ انہوں نے شہید قائد کے ایصال ثواب کیلئے سورہ فاتحہ کی درخواست کی۔