وحدت نیوز: (اسلام آباد ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے عالمی یوم جمہوریت کے حوالے سے کہا ہے کہ اس دن کو دنیا میں منانے کا مقصد عوام میں جمہوریت اور جمہوری قدروں کا فروغ ہے، غیر جمہوری طاقتوں کا راستہ روکنے اور جمہوریت کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے عوامی شعور اجاگر کرنا اہم ہے، آئین کی بالادستی اور عوامی رائے کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھے بغیر ملک میں جمہوریت مضبوط نہیں ہو سکتی، اظہار رائے کی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کی بلا تفریق فراہمی جمہوری عمل کو چار چاند لگاتے ہیں، تمام جمہوریت پسند طاقتوں کو ملکر ایسا عوامی لائحہ عمل بنانا ہوگا جس کی بدولت غیر جمہوری قوتوں اور شدت پسندانہ نظریات کو سیاسی عمل سے دور رکھا جا سکے، اس کے بغیر پاکستان میں جمہوری عمل کو دیرپا اور پائدار نہیں بنایا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں طاقت کا سر چشمہ عوام ہیں، لیکن ہمارے ملک میں جمہوریت پر بار بار شب خون مارا گیا، جس سے یہ عمل عوام کے لیے خاطر خواہ نتائج نہیں دے سکا، جمہوری عمل عوام کی نظروں میں تب مضبوط ہوتا ہے جب وہ فائدہ مند بھی ہو، جس کی اولین شرط یہ ہے کہ اس عمل کو تسلسل کے ساتھ چلتے رہنا چاہیے، پاکستان میں جمہوری نظام کو سب سے زیادہ نقصان لوٹا ازم اور ان کی سرپرستی کرنے والوں نے پہنچایا ہے، فلور کراسنگ اور ہارس ٹریڈنگ جیسے غیر جمہوری اور قابل مذمت عمل کا راستہ روکنا اشد ضروری ہے، قابل اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار سیاستدانوں کے میسر آنے کے لیے ضروری ہے کہ طلباء یونینز سے پابندی کو ختم کیا جائے۔