وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ پاکستان کے غیرت مند عوام مظلوم اور بہادر فلسطینیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ہم قائد اعظم محمد علی جناح کے باوفا بیٹے مقبوضہ فلسطین پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔ ہم اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہمارے نگران وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیطان بزرگ امریکہ کے غلام ہیں ہم نہیں۔ ہم ایک آزاد اور خودمختار قوم کی حیثیت سے زندگی کے آخری لمحے تک فلسطین کی تحریک آزادی اور فلسطینی مجاہدین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو چاہیے کہ وہ غزہ کے مظلوم بھائیوں اور بہنوں کی ہر طرح کی مدد کریں اگر فلسطینی بھائی مدد کے لئے پکاریں تو ہمارے ڈاکٹرز کی ٹیمیں اور امدادی کارکن فلسطین پہنچیں۔ پاکستان کی سیاسی مذہبی جماعتوں کو مل کر فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنی چاہیے۔ پاکستانی قوم کو بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح اور حکیم الامت حضرت علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہما کے افکار و نظریات سے انحراف پر ملک کے حکمرانوں اور مقتدر اداروں سے جواب طلب کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ہر مظلوم کی حامی اور ہر ظالم کی مخالف ہے۔ ہم مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کو اپنا دینی اور انسانی فریضہ سمجھتے ہیں اور پاکستان کے حکمرانوں کو مسئلہ فلسطین اور کشمیر پر یو ٹرن لینے نہیں دیں گے۔