وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اور او آئی سی غزہ میں اسرائیلی جنگی جرائم کو فوری روکیں، اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی پر اتر آیا ہے اور کھلم کھلا عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے، اس گھمبیر صورتحال کو نہ روکا گیا تو غزہ میں بہت بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے، غذائی اشیاء کی قلت، پانی بجلی اور میڈیکل سہولیات کے ناپید ہونے سے شدید بحران پیدا ہو گیا ہے، غزہ کی نہتی عوام پر ہونے والی وحشیانہ بمباری میں ممنوعہ کیمیکل سفید فاسفورس کا استعمال کیا جا رہا ہے، جس کی تصدیق اسرائیل کے سکالرز بھی کر رہے ہیں، اقوام عالم نے اسرائیلی مظالم پر دوغلی پالیسی اپناتے ہوئے مجرمانہ چپ سادھ رکھی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اسرائیلی سفاکیت کی حمایت میں امریکہ تمام تر حدیں عبور کر چکا ہے، اقوام متحدہ میں روس کی انسانی بنیادوں پر مبنی جنگ بندی کی قرارداد کو روکنا اسرائیلی جرائم میں شریک ہونے کے مترادف ہے، امریکی بحری بیڑوں کی تعیناتی اور فوجیوں کو اسرائیل بھیجنے کی پالیسی صہیونی ریاست کے لیے سنگین نتائج برآمد کرے گی، اسرائیلی فوج نفسیاتی طور پر جنگ ہار چکی ہے، خدا کے شیروں نے بھوک اور پیاس کے باوجود اسرائیل کو نڈھال کر دیا ہے، غزہ پر دس روزہ شدید بمباری کے باوجود اندر داخل ہونے کی جرات نہیں ہے، کاغذی شیر امریکہ بھی اسرائیل کو غزہ میں داخل ہونے سے روک رہا ہے، فلسطینی عوام کی استقامت اور عزم و ہمت دشمن پر غالب آ گئی ہے، امریکی وزیر خارجہ کو مشرق وسطیٰ کے دورے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس کا واضح ثبوت ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن خود دورہ کرنے پر مجبور نظر آتا ہے، اسرائیل اور اس کے سرپرستوں کو یہ خوف کھائے جا رہا ہے کہ جنگ کا دائرہ وسیع ہوا تو اسرائیل کے وجود کو شدید خطرات لاحق ہو جائیں گے۔