وحدت نیوز(شکارپور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے 23 اکتوبر برسی شہداء جیکب آباد کے سلسلے میں تحصیل لکھی غلام شاہ کے شہر چک کھاہی عبدو لکھی کا دورہ کیا۔ انہوں نے شیعہ علماء کونسل کے سابقہ ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی بشیر احمد مہر اور شہید پولیس کانسٹیبل الہی بخش ھکڑو کے ورثاء سے تعزیت کی۔اس موقع پر ضلعی صدر اصغر علی سیٹھار تحصیل صدر فہیم حیدر سومرو عبدالعلی کھوہارو نظام الدین انقلابی تحصیل صدر و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیلی جارحیت پر مسلم حکمرانوں اور نام نہاد اسلامی فوج کی خاموشی شرمناک ہے اگر دنیا بھر کے مسلمان متحد ہوکر فلسطین کی مدد کریں تو اسرائیل کا وجود صفحہ ہستی سے مٹ جائے۔
انہوں نے کہا کہ بدین کے مومنین کئی روز سے سراپا احتجاج ہیں مگر سندھ حکومت اور بدین انتظامیہ شرپسند ملا آغا جان سرھندی کے خلاف مقدمہ درج کرنے میں پس و پیش سے کام لے رہی ہے۔ ہم بدین کے مومنین کے احتجاج کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے پارا چنار تری مینگل کے شہید اساتذہ کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قاتل دھشتگردوں کی گرفتاری کیلئے پارا چنار کے مومنین کے احتجاج کی حمایت کی۔
اس موقع پر ضلعی صدر اصغر علی سیٹھار نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ضلع شکار پور امن و امان کی ابتر صورتحال اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں کے خلاف جمعرات 26 اکتوبر کو آل پارٹیز کانفرنس منعقد کر رہی ہے۔ جس میں امن و امان کی ابتر صورتحال کے سدباب کے لئے حکمت عملی پر غور ہوگا۔