وحدت نیوز(بھٹ شاہ)اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سالانہ کنونشن کے موقع پر یوم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حضرت رسول اللہ کی حیات طیبہ ہمارے لئے اسوہ حسنہ ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا اللہ تعالیٰ کو بڑے اور عظیم کام پسند ہیں اور وہ پست اور چھوٹے کاموں کو نا پسند کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہی لوگ دنیا میں عظیم کارنامے انجام دیتے ہیں اور تاریخ انسانی پر نقش چھوڑتے ہیں جن کے اھداف عظیم ہوتے ہیں۔ حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے عظیم اھداف کے لئے جدوجہد کی نصرت الہی ان کے ساتھ رہی۔ فلسطینی مجاہدین نے بے سر و سامانی کے عالم میں ناقابل تسخیر اسرائیل کو قابل تسخیر مکڑی کا جالا بنا دیا۔ یہ کام ان کی بلند ہمتی اور عظیم ارادوں کا عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مجاہدین کو بیٹھے رہنے والوں پر فضیلت عطا کی ہے۔ مسلم دنیا کے حکمران خاموش تماشائی بننے کی بجائے فلسطینی عوام اور مجاہدین فلسطین کی مدد کریں۔ مسلم حکمران امریکی غلامی سے نجات حاصل کریں اور اپنے عوام کی ترجمانی کریں۔ پاکستانی قوم کے تمام طبقات مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کر رہے ہیں۔