وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کی ہمشیرہ کا نام 9 مئی کے واقعات میں شامل کرنے کی کوشش کی شدید مذمت کی ہے۔سیاسی انتقام کے حصول کے لیے گھریلو خواتین کو نشانہ بنانا بزدلانہ اور غیر اخلاقی فعل ہے، ایک مذہبی گھرانے کی عزت و حرمت کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش کے نتائج انتہائی بھیانک اور دور رس ثابت ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ میں صاحبان اقتدار کو متنبہ کرتا ہوں کہ اپنی سیاسی جنگ کو سیاسی اکھاڑے تک ہی محدود رکھیں اور اسے دوسروں کے گھروں تک منتقل کرنے سے باز رہیں، یہ وطن نہ کسی کی ذاتی جاگیر ہے اور نہ ہی قانون کسی کے گھر کی لونڈی، کہ جس وقت جو دل میں آئے کر ڈالو، صاحبزادہ حامد رضا کی ہمشیرہ ہماری بہن ہے، لہذا ان کے خلاف کسی بھی قسم کے اوچھے ہتھکنڈے ناقابل برداشت ہونگے، حکومت غیر قانونی و غیر انسانی اقدامات اور مذموم حرکتوں سے باز رہے، پہلے بھی ملک میں ڈیڑھ سال کے اندر کئی گھروں کی چادر اور چار دیواری کو پامال کیا جا چکا ہے اب اس شرمناک کھیل کو بند کیا جائے کیونکہ اس سے ملک کی کوئی خدمت نہیں بلکہ ملک کی جڑیں کھوکھلی ہو رہی ہیں۔