وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے۔ حضرت قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ نے جمہوری جدوجہد کے ذریعے عوام کی طاقت سے انگریز سامراج سے آزادی حاصل کی۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی کا راستہ آئین پاکستان کی روشنی میں حقیقی اسلامی جمہوریہ کے قیام میں ہے۔ پاکستان کے داخلی معاملات میں امریکی مداخلت غلامی کا راستہ ہے۔ پاکستان کے غیرت مند عوام پاکستانی سیاست میں شیطان بزرگ امریکہ کی مداخلت کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل امریکی سفیر کی پاکستانی سیاستدانوں سے ملاقاتیں اور پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت ہر محب وطن شہری کے لئے باعث تشویش ہے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کو پاکستان کے داخلی معاملات میں امریکی مداخلت بے نقاب کرنے کے سبب امریکہ اور اس کے حواری مل کر نشان عبرت بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں امریکی غلاموں اور کرپٹ عناصر کو مسلط کرنے کی جبرا کوشش جاری ہے جسے پاکستان کے 25 کروڑ عوام مسترد کر چکے ہیں۔ عوام کی رائے کا احترام کئے بغیر ملک و قوم کے لئے بہتر مستقبل کی امید رکھنا عبث ہے۔