وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے امیدوار آئندہ انتخابات میں علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاؤن سے بھرپور حصہ لیں گے۔ ایم ڈبلیو ایم باکردار، محب وطن اور صالح نمائندوں کے ذریعے قوم کی خدمت کا عزم رکھتی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین ہر محاذ پر قومی حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم کے شعبہ عزاداری کے مرکزی صدر ملک اقرار حسین اور مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کوئٹہ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کوئٹہ کے دورے کے موقع پر ملک اقرار حسین نے آغا محمد رضا کی رہائشگاہ پر پارٹی کارکنوں سے ملاقات، جبکہ ضلعی دفتر ہزارہ ٹاؤن میں ضلعی کابینہ سے مختلف تنظیمی امور کے حوالے سے تفصیلی میٹنگ کی۔
اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، صوبائی نائب صدر علامہ ولایت حسین جعفری اور صوبائی سیکرٹری تربیت علامہ سید عباس موسوی اور اراکین ضلعی کابینہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ملک اقرار حسین نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاؤن سے الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔ مجلس وحدت مسلمین باکردار، محب وطن اور صالح نمائندوں کے ذریعے قوم کی خدمت کا عزم رکھتی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ کوئٹہ کے مومنین نے ہمیشہ اپنی قومی جماعت مجلس وحدت مسلمین پر اعتماد کیا ہے۔ ان شاء اللہ تعالیٰ ہم عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ ایم ڈبلیو ایم ہر محاذ پر قومی حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف تحریک سے لے کر متنازعہ تکفیری بل اور متنازعہ نصاب تعلیم تک ہم نے قوم کی ہر محاذ پر بھرپور نمائندگی کی ہے۔