وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ امریکی غلامی میں ساری حدیں پار کرتے ہوئے بانی پاکستان کے افکار و نظریات سے انحراف کر رہے ہیں۔ نگران وزیراعظم اپنے حد میں رہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈکھن تحصیل گڑھی یاسین کی حیدری مسجد میں تنظیمی کارکنوں اور مومنین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے تحصیل صدر سید نوید علی شاہ، جنرل سیکرٹری حسنین جوادی، سیکرٹری تربیت طارق حسین کنبھر، میڈیا سیکرٹری یاسر عباس ابڑو و دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے کا حل یہی ہے کہ فلسطین فلسطینیوں کا ہے۔ سرزمین فلسطین کا ایک انچ رقبہ بھی غاصب اور قابض صیہونیوں کا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ امریکی غلامی میں ساری حدیں پار کرتے ہوئے بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح کے افکار و نظریات سے انحراف کر رہے ہیں۔ امریکہ و اسرائیل کو خوش کرنے کے لئے بابائے قوم اور حکیم الامت حضرت علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہما کے افکار سے انحراف ملک و قوم اور امت مسلمہ سے خیانت ہوگی۔ نگران وزیراعظم کو اپنی حد میں رہنا چاہئے، بانی پاکستان اور علامہ اقبال کے نظریہ سے انحراف کا جرم قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔