وحدت نیوز(شکارپور)ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے شکار پور کی جامع مسجد سید الشہداء میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدائے سانحہ نماز جمعہ کی نویں برسی کے موقع پر 30 جنوری 2024 کو عظیم الشان عظمت شہداء کانفرنس منعقد ہوگی۔ شہدائے راہ حق نے دین خدا کی سربلندی کے لئے حالت نماز میں اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا۔ ہم شہداء کے مشن اور ہدف کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔
در ایں اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی ڈپٹی کمشنر آفس شکار پور میں این اے 193 کے امیدوار کی حیثیت سے اسکروٹنی کے عمل میں شریک ہوئے ان کے کاغذات درست قرار دے کر بحال کئے گئے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین ضلع شکار پور کے صدر اور پی ایس 7 کے امیدوار اصغر علی سیٹھار ضلعی رہنما نظام الدین انقلابی عبدالعلی کھوہارو کامران علی دل ایڈووکیٹ مظہر علی منگریو و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین مظلوموں کی حامی جماعت ہے۔ ہم عوام کی خدمت کو اپنے لئے اعزاز سمجھتے ہیں۔ وطن عزیز پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات ہوں یا سیلاب کی تباہ کاریاں، ہم ہر مرحلے پر عوام کے شانہ بشانہ رہے۔