وحدت نیوز(جعفرآ باد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء اور پی بی 16 سے امیدوار علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ عوام نالائق وڈیروں اور جاگیرداروں کے بجائے علم، شجاعت، کردار، صلاحیت اور اہلیت کی بنیاد پر لائق اور باکردار لوگوں کو منتخب کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے ضلع جعفر آباد میں ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے حلقہ پی بی 16 جعفر آباد کے انتخابات کے سلسلے میں ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، صوبائی سیکرٹری سیاسیات سید عبدالقادر شاہ، ممتاز سماجی رہنماء سید شبیر علی شاہ، ضلعی صدر سید اسرار علی شاہ اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ عوام پیسے اثر و رسوخ، رعب اور دبدبے سے مرعوب ہو کر نالائق وڈیروں اور جاگیرداروں کو ووٹ دینے کی بجائے علم، شجاعت، کردار، صلاحیت اور اہلیت کی بنیاد پر لائق اور باکردار لوگوں کو منتخب کریں۔ انہوں نے کہا کہ کردار سے عاری چور اور کرپٹ حکمرانوں نے ملک کو دیوالیہ کر دیا ہے اور وہ پچیس کروڑ عوام کو اپنا خاندانی غلام سمجھتے ہوئے نسل در نسل ان پر حکومت کرنا چاہتے ہیں۔ عوام اپنے شعور، بیداری اور استقامت سے کرپٹ عناصر کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین بلا تفریق عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ سہیل اکبر شیرازی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے کارکن حالیہ سیلاب میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہے، کیونکہ ہم خدمت انسانیت کو عبادت سمجھتے ہیں۔