وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ جانچ پرتال کی آڑ میں تحریک انصاف کے امیدواروں کے کاغذات کو مسترد کرنا خلاف قانون و آئین ہے، کاغذات نامزدگی کو جس تھوک کے حساب سے مسترد کیا جا رہا ہے اس سے صاحبانِ اقتدار کی معصومانہ خواہش کا اندازہ لگانا مشکل نہیں اور الیکشنز کی شفافیت پر بھی سوالیہ نشان ہے، یہ عمل وطن عزیز کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کے مترادف ہے، ملک کے اندر ایک ایسی فضاء ہموار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کے نتائج وطن عزیز کی سلامتی کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کی گرفتاریاں اور تائید کنندگان و تجویز کنندگان کی مسلسل پکڑ دھکڑ ریاستی اداروں کا آئینی اختیارات سے تجاوز کرنے کے زمرے میں آتا ہے، قانون شکنی اور عدم تحفظ کی یہ مثالیں کسی ذمہ دار ریاست کی بجائے جنگل کے قانون کی عکاس ہیں، اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ و غیر دانشمندانہ اقدامات ریاست اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے وقار کو عالمی سطح پر داغدار کر رہے ہیں، اگر اس طرح کے اقدامات کو روکا نہ گیا تو ملک ایک نئے بحران کی طرف چل نکلے گا، لہذا اس ملک کو نت نئے المیوں کی تجربہ گاہ نہ بنائیں، ملکی سالمیت و بقاء قانون و آئین کی بالادستی سے ہی مشروط ہے۔