وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے سال نو کے آغاز پر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں بسنے والے تمام باضمیر انسانوں کو سال نو 2024 مبارک ہو،نئے سال کی ابتدءا اس دعا سےکر رہا ہوں کہ رب کریم ہمارے وطن کی حفاظت فرما۔ وطن عزیز کی سالمیت ، بقا ، امن ، رواداری ، بھائی چارے ،ترقی و استحکام کے ہر دشمن اوریہود و نصاری کے فکری غلاموں سے مادر وطن کو آزاد کر۔یا اللہ نیا سال اس ملک کی خوشحالی اور عوامی امنگوں کی تکمیل کا سال ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ سال 2024 انتخابات کا سال ہے ۔ اس سال میں ان لوگوں کو فتح نصیب فرما جو ملک و قوم کی حقیقی خیرخواہ ہیں۔ جن کا عزم وطن عزیز کی داخلی خودمختاری ،اقوام عالم میں باوقار مقام اور معاشی خودکفالت ہے۔یا اللہ ان قوتوں کو ہم پر مسلط نہ کرنا جن کی نظریں قومی خزانے پر ہیں ۔ جن کا مقصد دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی قوت ، عظیم ریاست پاکستان کو عالمی استعماری طاقتوں کے ایما پر کمزور کرنا ہے۔ یہ سال بیت المقدس کی آزادی کا سال ہو۔ مظلومین فلسطینیوں سے نبرد آزما طاغوتی طاقتوں کی نابودی اور رسوائی ہماری آنکھوں کو دیکھنا نصیب ہو۔الہی آمین