وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ملیکتہ العرب، محسنہ اسلام، ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبریٰ سلام اللہ علیہا کی وفات کے موقع پر تمام مومنین و مومنات، مسلمین و مسلمات کی خدمت اقدس میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت خدیجۃ الکبریٰ استقلال و استقامت کی عظیم پیکر تھیں جنہوں نے ابتدائے اسلام میں جب ہر طرف سے پیغمبر گرامی کی مخالفت کا طوفان اٹھ رہا تھا ایسے کٹھن وقت میں آپ کی ذات مقدس رسول خدا ص کی مونس حیات بن کر تسکین خاطر کا باعث تھی، اُم المومنین حضرت سیدہ خدیجة الکبریٰ س کی ترویج دین اور اشاعت اسلام کے حوالے سے لازوال اور بے مثال قربانیاں تاریخ اسلام کا زرّیں باب ہیں، آپ اپنے نسب، شرف اور ثروت کے سبب عرب میں ممتاز مقام رکھتی تھیں، لیکن نبی اکرم ص کے عقد میں آنے کے بعد آپ نے اپنا سب کچھ آپ ص کے قدموں پر نچھاور کر کے مہر ووفا، جود وسخا اور قربانیوں کی لازوال مثال قائم کی، جس کی نظیر تاریخ انسانیت پیش کرنے سے قاصر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ س نے خوفناک اور خطرناک اوقات میں جس استقلال اوراستقامت کے ساتھ خطرات ومصائب کا مقابلہ کیا اور جس طرح تن من دھن سے بارگاہِ نبوت میں اپنی قربانی پیش کی، اس خصوصیت میں تمام ازواج مطہرات پر انہیں ایک خصوصی مقام و منزلت حاصل ہے، حضرت بی بی خدیجہ س نے اپنا تمام مال اور اولاد اسلام پر نچھاور کر کے دین کی بنیادوں کو مستحکم کیا، آپ نے اس کڑے وقت میں دین اسلام اور رسول اکرم ص کی کفالت کی جب تمام قریش نے نبی خدا پر سختیوں کے پہاڑ توڑ رکھے تھے، حضرت خدیجہ کی سخت اور دشوار ترین حالات میں ختمی مرتبت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ وفا شعاری ازدواج عالم کیلئے نمونہ کامل ہے جس پر عمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت کی سعادت سمیٹی جا سکتی ہے۔