وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹرعلامہ راجا ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ گرینڈ اپوزیشن الائنس کی جانب سے عید کے بعد جلسے اور ریلیاں ہوں گی، ہم اپنا حق حاصل کریں گے۔
حلف اٹھانے کے بعدپارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ آج پھر ایک بدعت کی گئی سینٹ مکمل نہیں تھی اور سینٹ کی کاروائی چلائی گئی عمران خان کو غیر قانونی طور پر جیل میں رکھا گیا ہے۔
جولوگ چور دروازے سے اقتدار میں آتے ہیں وہ ملک کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔ ایک مستحکم حکومت کو گرا کر ملک کو ناکام لوگوں کے ہاتھوں میں سونپ دینا ملک کو دانستہ طور پر تباہی کی طرف دھکیلنے کی کوشش ہے۔ عید کے موقع پر پاکستانی قوم کے یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ مایوس اور ناامید کبھی نہ ہونا۔ ملک میں جاری لاقانونیت اور ناانصافی کے خلاف میدان میں موجود رہنا ہے۔
ان شا اللہ وہ دن دور نہیں جب ملک میں قانون و آئین کی بالادستی ہو گی۔ نوجوانوں کا جرات مندانہ اور منصفانہ کردار ملکی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ آج سینٹ کے انتخابات کے موقع پر سب سے افسوسناک صورتحال جو دیکھنے میں آئی وہ کے پی کے کی عدم شمولیت تھی۔الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخواہ میں الیکشن رکوا دیے۔ یہ عجیب الیکشن کمیشن ہے جو انتخابات میں التوا کی کوشش میں لگا رہتا ہے اور اگر انتخابات چارو ناچار ہو جائیں تو پھر ان کے نتائج اپنی مرضی کے جاری کردیتا ہے۔
یہ ادارہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں ادا نہیں کر سکا۔غیر آئینی اقدامات ملک کی سلامتی اور قوم کے ساتھ ظلم ہے۔جو ادارے آئین کی پاسداری نہیں کرتے ان کے خلاف آواز بلند کرنا عوام کا حق ہے۔ ملک میں بہت جلد عوامی اجتماعات کا سلسلہ شروع کیا جائے گا ۔ ہم ان کا تعاقب کریں گے جنہوں نے اس ملک کو اندھیروں کی راہ پر دھکیل دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ وفاق کی نمائندگی کرتا ہے، آج سینیٹ نامکمل تھا، الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات نہیں کرائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام ہوا۔