وحدت نیوز (جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے یکم مئی عالمی یوم مزدور کے موقع پر مزدوروں سے ملاقات کی اور انہیں یوم مزدور کی مناسبت سے گفٹ پیش کئے۔ اور ان کی جدوجہد و محنت کو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آج دنیا بھر میں محنت کشوں اور مزدوروں کا عالمی دن منایا جارہا ہے، آج کا دن ہمیں محنت کشوں کی محنت اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، آج کے دن پوری قوم محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کی محنت کی وجہ سے دنیا کا یہ پہیہ چل رہا ہے انکی حرکت سے آج دنیا میں بسنے والا ہر شخص آسائش کی زندگی بسر کر رہا ہے۔ آج آگر محنت کش طبقہ کام کرنا چھوڑ دیے تو دنیا کا یہ پہیہ جام ہو جائے گا۔ آج کے دن ہم محنت کشوں کے حقوق کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کرتے ہیں تاکہ محنت کشوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مزدور کو اللہ کا دوست قرار دیا ہے۔ دین اسلام نے مزدور کی اہمیت کے پیش نظر اس کی قدر و منزلت اور حقوق کے بارے میں احکامات دئیے ہیں۔ حدیث نبوی میں مزدور کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے اسکی اجرت کی ادائیگی کا حکم دیا گیا ہے۔ مزدور اپنا پسینہ بہا کر رزق حلال کماتا ہے۔ اور یہ پاکیزہ رزق خوش نصیب انسانوں کو نصیب ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں مزدور اور کسان پریشان ہیں۔ کسان کو ان کی محنت کا صلہ نہیں مل رہا ہے۔ ملک بھر میں کسان اور مزدور حکومت کی غریب دشمن اور کسان دشمن پالیسیوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ کسانوں کے جائز مطالبات سننے اور ان مسائل کو حل کرنے کی بجائے کسانوں کو پابند سلاسل کیا جا رہا ہے۔ حکومت کی تمام تر توجہ کا مرکز و محور حکمران طبقے اور حکمران خاندانوں کے مفادات کا تحفظ ہے۔ معاشی طور پر کمزور طبقات مزدور اور کسان کو مہنگائی، غربت افلاس اور بد حالی کی دلدل میں دھکیل دیا گیا ہے۔