وحدت نیوز(شکارپور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی ضلعی صدر اصغر علی سیٹھار ضلعی سیکرٹری نشر و اشاعت عبدالعلی کوہارو کے ہمراہ ضلع کے مختلف یونٹس اور تحصیلوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے مدرسہ جوادیہ پہنچ کر مدرسہ کے پرنسپل ممتاز عالم دین علامہ عبدالمجید بہشتی کو برسی شہداء کی دعوت دی۔
اس موقع پر مختلف مقامات پر گفتگو کرتے ہوئے مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سانحہ نماز جمعہ جامع مسجد سید الشہداء کربلا امام بارگاہ شکار پور کے شہداء کی دسویں برسی کے موقع پر 30 جنوری بروز جمعرات لکھی در شکارپور میں عظیم الشان اجتماع منعقد ہو گا۔ اس اجتماع سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری علامہ سید ارشاد حسین نقوی علامہ سید باقر عباس زیدی علامہ مختار احمد امامی علامہ ریاض حسین نجفی اور ملک کے جید علماء کرام و ذاکرین خطاب کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہدائے نماز جمعہ نے اللہ کے گھر مسجد میں حالت نماز میں اپنے خون کا نذرانہ دے کر مولا علی علیہ السلام کی کی سیرت طیبہ پر عمل کیا۔ انہیں عشق علی علیہ السلام کے جرم میں قتلِ کیا گیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ برسی شہداء کی مرکزی تقریب میں بھرپور شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ حسب سابق ضلع شکار پور کی تین تحصیلوں ڈکھن لکھی غلام شاہ اور خانپور سے مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام پیدل قافلے مرکزی اجتماع میں شرکت اور شہدائے راہ حق کو سلام عقیدت پیش کرنے کے لئے نکلیں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلع شکار پور میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر ہمیں شدید تشویش ہے۔
ایم ڈبلیو ایم شکار پور کے ضلعی نائب صدر دولہہ دریا خان جتوئی کے گھر سے بھینس اور موٹر سائیکل چوری ہوئی جبکہ تحصیل صدر سید نوید علی شاہ کی موٹر سائیکل چوری کی گئی۔ چوری ڈاکے اغواء برائے تاوان روز کا معمول بن چکے ہیں۔ ایس ایس پی شکار پور ان وارداتوں میں ملوث مجرموں کو گرفتار کریں اور مسروقہ سامان بازیاب کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سماج دشمن عناصر اور ڈاکو راج کے خلاف فی الفور فوج رینجرز اور پولیس آپریشن کرے۔