وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے رہنما علامہ ظہیر کربلائی نے ادارہ منہاج القرآن کے زیراہتمام انٹرنیشنل معراج النبی کانفرنس(ص) سے خطاب کرتے ہوئے معراج کو امت کی رہنمائی اور آگاہی کا موثر ترین ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں واقعہ معراج تین پہلو بیان کیے، ایک پہلو مسجدالحرام سے مسجد اقصی، دوسرا پہلو مسجد اقصی سے بیت المامور اور تیسرا پہلو بیت المامور سے سدرہ المنتہی پر روشنی ڈالی۔ علامہ ظہیر کربلائی نے پیغمبراسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ان مشاہدات کو بیان کیا، جن میں انسانوں کی حالت زار کو تمثیل کیساتھ بیان کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ معراج پر نبی کریم (ص) غیبت کرنیوالوں کا کیا حال دیکھا؟ حقوق الناس کی رعایت نہ کرنیوالوں کیساتھ کیا بیت رہی تھی، تارک صلوات، ماں باپ کے نافرمان لوگوں کے عذاب کے بارے بھی رسول خدا صل اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تفصیل سے بیان کیا ہے۔
علامہ ظہیر کربلائی نے اپنے خطاب میں غزہ اور پاراچنار کی صورتحال پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کو عبرتناک شکست ہوئی، وہ اسرائیل جو امریکہ کی مدد سے اپنے طاقت کے زعم میں مبتلا تھا، حماس کے جوانوں نے اس کا یہ زعم خاک میں ملا دیا۔ انہوں ںے کہا کہ فلسطین کے معاملے میں عرب حکمرانوں کی خاموشی افسوسناک اور قابل مذمت رہی، اور اس سانحہ نے حقیقی مسلم اور جعلی مسلمان کی حقیقت آشکار کردی۔ علامہ ظہیر کربلائی نے پارا چنار کے حوالے سے کہا کہ یہ شیعہ سنی کا مسئلہ نہیں، بلکہ ایک منظم سازش ہے، جس کا ادراک ہمارے حکمرانوں اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا جرگے کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور پارا چنار کے راستوں کو عام عوام کیلئے کھولا جائے۔