وحدت نیوز(اسلام آباد)سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو ان کے حقوق فراہم کیے ہیں اور اگر ہم خواتین کے وراثتی حق کو سلب کرتے ہیں تو ہم ظالم ہیں۔ خواتین پر ہونے والے مظالم کی بنیادی وجہ قانون کی حکمرانی کا فقدان ہے۔ تاریخ میں بدترین ظلم اس وقت غزہ کی مظلوم خواتین پر ہو رہا ہے اور ان پر ظلم ڈھانے والے وہی ہیں جو خود کو خواتین کے حقوق کے علمبردار کہتے ہیں۔ یاد رکھیں، کبھی بھی ظالموں پر اعتماد نہ کریں۔ امریکہ ہمیشہ اپنے مفادات کے لیے ہمیں استعمال کرتا ہے، اور ہمیں اپنی خودمختاری اس کے ہاتھ میں نہیں دینی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ملک کا ایک بڑا المیہ منافقت ہے۔ ضلع کرم کی صورت حال دیکھیں آج بھی وہاں ظلم ہو رہا ہے۔ 1500 دہشت گردوں نے وہاں کی خواتین اور عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ پاراچنار کی موجودہ صورت حال پاکستان میں ایک اور غزہ کی مانند ہے۔ ضلع کرم میں مجلس وحدت مسلمین کے تحصیل چیئرمین، مزمل فصیح، جو امن اور بھائی چارے کے سفیر تھے، کو جھوٹے دہشت گردی کے مقدمات میں قید کر دیا گیا ہے۔ ہمیںتمام مظلوموں کے حق میں بولنا چاہیے، چاہے وہ کسی بھی مکتبۂ فکر سے تعلق رکھتے ہوں ۔پاراچنار کے محاصرے کو چھ ماہ ہو چکے ہیں، لیکن صوبائی و مرکزی حکومت اور سیکیورٹی ادارے اس ظلم و بربریت کے ذمہ دار ہونے کے باوجود خاموش ہیں۔