وحدت نیوز( لاہور) رانا ثناء اللہ نا اہلی کیس کی تیسری سماعت ، سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال خان ، وزیر قانون رانا ثناء اللہ اور الیکشن کمیشن کے حکام 5دسمبرکو ہائی کورٹ طلب، جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں قائم ڈبل بنچ نے تمام متعلقہ حکام کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں، تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی ایڈوکیٹ کی جانب سے وزیر قانون پنجاب راناثناءاللہ کی نااہلی کیلئے لاہور ہایہ کورٹ میں داخل درخواست کی تیسری سماعت آج 13نومبر بروز پیر کو لاہور ہائی کےجسٹس شاہد بلال حسن کی سرابراہی میں قائم ڈبل بنچ میں ہوئی جس میں عدالت نے سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال خان ، وزیر قانون رانا ثناء اللہ اور الیکشن کمیشن کے حکام کو 5دسمبربروز منگل کو ہائی کورٹ میں طلب کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کی نااہلی کی درخواست مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی ایڈوکیٹ کی جانب سےلاہور ہائی کورٹ میں ایڈوکیٹ فدا حسین رانا کی وساطت سے داخل کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ رانا ثناءاللہ نے سانحہ ماڈل ٹاون کی انکوائری رپورٹ کو میڈیا پر یہ کہہ کر متنازعہ قرار دیاتھا کہ رپورٹ تشکیل دینے والا جج (جسٹس باقر نجفی)اہل تشیع مکتب فکر سے تعلق رکھتا ہے لہذا اسے مسترد قرار دیا جائے، رانا ثناء اللہ کی جانب سے ایسے بیہودہ بیان سے معزز عدلیہ اور ریاستی اداروں کو فرقہ واریت کی بھینٹ چڑھانے کی کوشش کی گئی جس سے قومی اداروں کے خلاف انتہائی منفی تاثر پیش ہوا ، رانا ثناء اللہ کے خلاف دائر اسی پٹیشن کے باعث ناصر شیرازی گذشتہ دو ہفتے قبل لاہور سے سادہ لباس سکیورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں اغواء کرلیئے گئے جن کا تاحال کوئی سراغ نا لگایا جا سکا اور ناصر شیرازی کی بازیابی کیلئے ایک اور کیس لاہور ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے ۔