وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام صوبائی سیکرٹیریٹ پنجاب میں پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ اس وقت پوری دنیا میں مسلمانوں کے خون کے ساتھ ہولی کھیلی جارہی ہے۔ دنیا میں بڑھتی اس تمام تر دہشتگردی کے پیچھے امریکہ اور اسرائیل ہے۔ کشمیر میں انڈیا امریکہ کی شہ پر مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہا ہے جس کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم کشمیر، یمن ، افریقہ ، لیبیا ، بحرین اور بالخصوص فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے 13 مئی کو پورے پاکستان میں یوم مردہ باد امریکہ منائیں گے ۔ اس حوالے سے گلگت بلتستان سے کراچی تک تمام پاکستان کے چھوٹے بڑے شہروں میں مظاہرے کیے جائیں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی جس کا مقصد مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی ہے۔ پاکستان کے سیاسی منظر نامے پر روشنی ڈالتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ اگر کسی ملک کے ادارے تباہ کیے جائیں تو وہ ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتا، اس ملک کے سیاستدانوں نے پارلیمنٹ کو خود کمزور کیا۔ اس ملک کا وزیر اعظم کئی کئی ماہ تک پارلیمانی اجلاسوں میں شرکت نہیں کرتا تھا۔ انہوں نے اداروں کو گھر کی لونڈی بنا رکھا ہے۔ پاکستان اور بالخصوص پنجاب میں گڈ گورننس کا نہ ہونا ان نا اہلوں کی قابلیت پر سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف میٹرو بنا کر ترقی کا ڈھول پیٹنے والے یہ بھی دیکھیں کہ کیا انہوں نے عوام کو پینے کا صاف پانی مہیا کیا ، کیا ایجوکیشن میں بہتری کی گئی یاعوام کو صحت کی سہولیات فراہم کی گئیں ؟ پنجاب میں جان بوجھ کر زراعت کو تباہ کیا جا رہا ۔ کسان پریشان ہیں ان کا معاشی استحصال کیا جا رہا ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ماڈل ٹاؤن کے شہدا کا ساتھ دینے پر پولیٹکل وکٹمائزیشن کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ہمارے الیکٹ ایبل رہمناؤں پر جھوٹی ایف آئی آرز کاٹ کر انہیں شیڈیول فور میں ڈالا جا رہا ہے جس کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں ۔ شہباز شریف حکومت نے پنجاب میں لاقانونیت کی حد پار کر رکھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دو کی بات کرنے والوں نے کبھی ووٹر کو عزت نہیں دی ۔ نواز شریف تو خود کو بادشاہ تصور کرتے تھے اور اپنے منتخب نمائندوں سے بھی ملنا پسند نہیں کرتے تھے۔ اب جب ان پر اللہ کی پکڑ آئی ہے تو یہ ووٹ کو عزت دو کی بات کرتے ہیں انہیں اس پر شرم آنی چاہیے۔
مسنگ پرسنز کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں قانون اور آئین کی عملداری کرتے ہوئے مسنگ پرسنز کو رہا کریں یا ان کو کورٹ میں پیش کریں ۔ یہ کیسا ملک ہے جہاں کلبھوشن یادیو کو ان کی ماں سے ملایا جاتا ہے لیکن محب وطن پاکستانی ماؤں کو ان کے بیٹوں سے جدا کر رکھا ہے۔ الیکشن 2018 سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فری اینڈ فئیر الیکشنز ہونے چاہیں ورنہ یہ ملک آگے نہیں بڑھ سکے گا۔