وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی نے کہا پے کہ حلقہ پی ایس 89میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ آئینی اور اصولی ہے۔اگرہمارے اس مطالبے کو تسلیم نہ کیا گیا تو ہمیں مجبورا احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑے گا۔مذکورہ حلقے میں ہمارے امیدوار علی حسین نقوی بھاری اکثریت سے جیت رہے تھے۔مختلف پولنگ سٹیشنز میں پیپلز پارٹی نے اپنے امیدوار کو ہارتے دیکھ کر روایتی حربے استعمال کرنا شروع کر دیے۔ہم اس انتخابی دھاندلی کو تسلیم نہیں کرتے۔حلقہ پی ایس 89 ریٹرنگ آفیسر کی جانب سے ہماری درخواست کو مسترد کرنا بددیانتی ہے جس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس حلقہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے چیف الیکشن کمیشن کو درخواست دی جائے گی۔ہم یہ الیکشن جیتے ہوئے ہیں اور آر او کی جانب سے اس غیر منصفانہ اعلان کو تسلیم نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ جیتے ہوئے امیدوار کے نتائج میں ہیر پھیر کے ذریعے تبدیلی عوامی منڈیٹ کی توہین ہے۔مجلس وحدت مسلمین اس زیادتی کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔چیف الیکشن کمیشنر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیں تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کھل کر سامنے آ جائے گا۔