وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے بانی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ڈاکٹر شھید محمد علی نقوی قدس سرہ کے 23ویں یوم شہادت پر مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ شہید ڈاکٹر نقوی ؒ کی راہ خدا اور حسینی خط پر شہادت درحقیقت اس بات کا اعلان ہے کہ امام حسین علیہ السلام کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے والے سرخرو ہیں اور اس راہ میں شکست کا گزر نہیں اور یہی لوگ امام القائم علیہ السلام کے حقیقی منتظر ہیں لہذا وہ اس راہ پر چلتے ہوئے کبھی تھکتے نہیں اور ان کے لبوں پر شکستہ پہلو ، راہ ولایت کی پہلی شہیدہ کے نام یا زھراء کی ندائیں اس بات پر گواہ ہیں کہ ہماری فتح یقینی ہے ۔ڈاکٹر محمد علی نقوی قدس سرہ کی تصاویر میں ان کےمتبسم چہرے پر عیاں یہ پیام ہم پڑھ سکتے ہیں کہ حسینی کبھی ھارا نہیں کرتے امام زمانہؑ کے منتظر کبھی تھکا نہیں کرتے اور لبیک یا زھراء کی صدا بلند کرنے والے یقینا منزل مقصود پر پہنچ کر رہیں گے ۔
انہوں نے مزید کہاکہ جب موت ایک حتمی امر ہے اور ہر ایک نے مرنا ہے تو پھر عقلمند لوگ بہترین موت کا انتخاب کرتے ہیں ،یعنی شہادت والی خوبصورت موت اور شہادت کی موت وہ نہیں جو راہ چلتے ہوئے اچانک کسی حادثے کا شکار ہو کر ملے ،بلکہ شہادت کی موت شہید کا اپنا انتخاب ہوتی ہے ،وہ اس کے لئے اچانک نہیں ہوا کرتی بلکہ شہید اس کی تلاش میں ہوتا ہے،جب مولا علی علیہ السلام کے فرق مبارک پر تلوار لگی اور زخمی ہوئے تو فرمایا فزت برب الکعبه اور پھر ارشاد فرمایا میرے لئے یہ سب کچھ ناپسندیدہ نہیں بلکہ میری مثال اس پیاسے شخص کی ہے جو رات کی تاریکی میں کسی صحرا میں پانی کی تلاش میں نکلے اور(اچانک )اسے پانی کا چشمہ مل جائے ۔