وحدت نیوز(چناری) مجلس وحدت مسلمین کا مشاورتی سلسلہ ، ریاستی و مرکزی قیادت حلقہ پانچ پہنچ گئی، عمائدین کی میٹنگ ، مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ، ریاستی سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی ، ریاستی سیکرٹری سیاسیات سید محسن رضا سبزواری ایڈووکیٹ و دیگر نے زعماء سے خطاب کیا ، تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر کا آمدہ الیکشن 2016کے حوالے سے مشاورتی سلسلہ عروج پر، مرکزی و ریاستی قیادت نے حلقہ پانچ کا رخ کر لیا، ایک گرینڈ میٹنگ کا انعقاد ، جس میں حلقہ پانچ کے زعماء و عمائدین نے شرکت کی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ نے کہا کہ حلقہ پانچ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، یہاں کی محرومیوں پر بات کریں گے ، یہ حلقہ اپنی نوعیت کے اعتبار سے خصوصی نوعیت رکھتا ہے، یہاں کے لوگ بارڈر پر رہتے ہیں ، ان نے خطے کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں ، لیکن دیکھا جائے تو سڑکوں کی حالت ناقابل بیان ہے، ایک بارش ہو جائے تو یہ حلقہ یہاں کے باسی دارالحکومت سے کٹ جاتے ہیں ، ہم سوال کرتے ہیں حکمرانوں سے کہ اس طرح کے اقدامات سے اُس پار کیا پیغام جائے گا، انشاء اللہ ہم آواز اٹھائیں گے ، کہ یہاں کے لوگوں کو کیوں ووٹ لے کر چھوڑ دیا جاتا ہے، اور اب باشعور عوام آزمائے ہوئے چہروں کو دوبارہ نہیں آزمائے گی، مجلس وحدت مسلمین کسی ایک فرد کی نہیں بلکہ ہر محروم و مظلوم کی جماعت ہے ، یہ عوام کی جماعت ہے ، یہ جہاں ظلم ہو گا ، وہاں ڈٹ کے کھڑے ہو جانے والی جماعت ہے ، کراچی سے کشمیر تک ایک چین بنانا چاہتے ہیں جہاں ہم مظلوم و محروموں کو ایک لڑی میں پرو کر ایک طاقت میں تبدیل کر سکے ، جب ہم ایک طاقت بن جائیں گے تو کوئی بھی نہ تو ہمیں دبا سکتا ہے ، نہ خرید سکتا ہے ، نہ جھکا سکتا ہے۔
ریاستی سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا کہ حلقہ پانچ میں کئی بار بہت سے بڑوں بڑوں کو آزمایا گیا مگر انہوں نے علاقے کے حقوق کی ترجمانی نہیں کی، اپوزیشن لیڈر جو کہ یہاں سے ہیں ، ایک دفعہ وزیراعظم بھی رہ چکے ہیں ، مزید ایک دفعہ وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں ، بتائیں کہ کہاں اور کب انہوں نے ہٹیاں بالا کے عوام کی بات کی ، کب علاقے کے مسائل پر بات کی؟ صحت ، تعلیم ،روزگار جیسے مسائل کے لیے تو وقت نہ تھا، مگر کسے الیکشن میں اترنا ہے، کسے ٹکٹ دینا ہے صرف اسی واویلے کو سنتے آرہے ہیں ۔ مجلس وحدت مسلمین بات کرے گی ، حکومت و اپوزیشن کی گٹھ جوڑ پر آواز اٹھائے گی ۔ عوام کے حقوق کی ترجمان ثابت ہو گی۔ عوام ساتھ دیں انشاء اللہ مایوس نہیں کریں گے۔سیکرٹری سیاسیات سید محسن رضا سبزواری ایڈووکیٹ نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین عوامی جماعت ہے ، عوامی مشاورت سے ہی اگلا قدم اٹھائے گی ، ہم ڈرائینگ روم کی سیاست نہیں کرتے ہم عوامی حلقوں میں بیٹھ کر عوام سے فیصلے کرواتے اور خود اُن پر عمل کرتے ہیں ، عوام کا جو بھی فیصلہ ہو گا ہم ساتھ ہیں ۔