وحدت نیوز (اٹک) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماوں کے اعلی سطح وفدنے علامہ اصغر عسکری کی قیادت میں سانحہ بڈھ بیر میں شہید ہونے والے نوجوان کیپٹن اسفند یار بخاری کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔کیپٹن شہید کے والد فیاض بخاری اور دیگر پسماندگان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے وفد کے اراکین نے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت نے اس ملک کی سلامتی کو داو پر لگا رکھا ہے۔ان ملک دشمن عناصر کے مذموم ارادوں کو خاک میں ملانے کے لیے اسفند یار نے جس جرات اور شجاعت کا مظاہرہ کیا ہے اسے مدتوں یاد رکھا جائے گا۔شہادت کا اعلیٰ مقام صرف اللہ کی پسندیدہ شخصیات کے ہی مقدر میں ہوتا ہے۔وطن کی مٹی پر قربان ہونے کا جذبہ دراصل والدین کی اعلیٰ تربیت کا نتیجہ ہے۔آج قوم کا ہر محب وطن اپنے اس ہیرو پر فخر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اٹک کی کسی شاہراہ یا بڈھ بیر ائیر بیس کا نام اسفند کے نام سے منسوب کیا جائے۔ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری روابط ملک اقرار حسین اور اٹک کے ضلعی سیکرٹری علامہ نیاز حسین بخاری بھی وفد کے ہمراہ تھے۔