وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مرکزی کنونشن کے موقع پر ''جنوبی پنجاب'' کو الگ صوبہ قرار دیدیا، نومنتخب سیکرٹری جنرل نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایم ڈبلیو ایم تنظیمی بنیادوں پر 14 اضلاع پر مشتمل نئے صوبے کا اعلان کرتی ہے۔ جنوبی پنجاب میں ملتان، خانیوال، مظفرگڑھ، ڈیرہ غازیخان، علی پور (تنظیمی بنیادوں پر) راجن پور، لیہ، بھکر، لودھراں، بہاولپور، رحیم یار خان، وہاڑی، بہاولنگر اور میانوالی شامل ہیں۔ نئے صوبے کے تنظیمی سیٹ اپ کے لئے یکم مئی کو مذکورہ اضلاع کا اجلاس ملتان میں ہوگا۔ جس میں ایک سال کے لئے نئے صوبائی سیکرٹری جنرل کا انتخاب کیا جائے گا۔ کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ مدت میں اضافہ کیا جائے گا۔ کنونشن میں مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔