وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اصغر عسکری نے ایم ڈبلیو ایم چوہڑ ہرپال یونٹ راولپنڈی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اشتیاق حسین کی جواں سال ہمشیرہ کے مبینہ قتل پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس المناک سانحہ کے مرتکب افراد کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ لواحقین کے مطابق میڈیکل رپورٹ میں واضح طور پر موجود ہے کہ مقتولہ کو گلا گھونٹ کر ہلاک کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں پولیس کو انصاف کے تقاضے پورے کرنے چاہیے۔
مقتولہ کے بھائیوں کا کہنا ہے کہ رابعہ بی بی کی تین بیٹیاں تھیں اور وہ اولاد نرینہ سے محروم تھیں۔ یہی محرومی اس کی موت کا باعث بنی۔ اسے اس کے گھر میں بے رحمانہ طریقے سے قتل کیا گیا۔ اس جاہلانہ اقدام اور بربریت پر اُن انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھی اپنی آواز بلند کرنی چاہیے جو حقوق نسواں کے لیے سرگرم ہیں۔ یاد رہے کہ سات اگست 2015 کو تھانہ رتہ امرال کی حدود میں بتیس سالہ رابعہ بی بی نامی خاتون کو گھر کے اندر قتل کر دیا گیا۔ مقتولہ کے بھائیوں کی طرف سے مقتولہ کے خاوند ذوالفقار اور اس کی ا یک بہن کو اس قتل کا ذمہ دار ٹہرایا جا رہا ہے۔ڈھوک رتہ پولیس نے اقدام قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر رکھی ہے۔ مقتولہ کا ایک بھائی الطاف حسین سپریم کورٹ آف پاکستان کا حاضر سروس ملازم بھی ہے