وحدت نیوز (کمالیہ) مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام کمالیہ میں لبیک یارسول اللہ (ص) کانفرنس کا انعقاد المصطفٰی فاونڈیشن نارتھ امریکہ کے تعاون سے کیا گیا۔ کانفرنس میں ایم ڈبلیو ایم کی مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، سید ناصرشیرازی،چیئرمین سنی اتحادکونسل صاحبزادہ حامد رضا، مرکزی سیکریٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور،مرکزی رہنما جمیعت علمائے پاکستان (نیازی)پیرانصرفرید چشتی ، چیئرمین المصطفیٰ فائونڈیشن علامہ ظہیرالحسن نقوی کے علاوہ دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے اکابرین نے شرکت کی۔ کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے دینی و سیاسی رہنماوں کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ حکمران دہشتگردی کے عفریت سے جان چھڑانے کی بجائے مردانہ وار مقابلہ کریں قوم ساتھ دیگی، عالمی دہشتگرد گروہ داعش سے متعلق میڈیا رپورٹس کے منظرِعام پر آنے کے بعد حکومتی وزراء کی جانب سے ملک میں داعش کے وجود سے انکار قوم کی آنکھوں میں دُھول جھونکنے کے مترادف ہے۔ لاہور، سیالکوٹ سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع سے داعش کے کارندوں کی گرفتاری اور اس سفاک گروہ کی وال چاکنگ اس بات کی دلیل ہے کہ دہشتگرد منظم انداز میں اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کیلئے سرگرم ہیں۔