وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری دو روزہ دورے پر کوئٹہ تشریف لائے انھوں نے مجلس وحد ت مسلمین کوئٹہ ڈویژن اور اجتماعی شادی کمیٹی کے زیر اہتمام آٹھویں اجتماعی شادی میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ اس پروقار تقریب جس میں21 اہل تشیع اور اہل سنت جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کا یزدان خان ماڈل ہائی سکول کے سبزہ زار پر اہتمام کیا گیا ۔
اس موقع پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین بلا تفریق رنگ و نسل عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ہم نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ۔ ہمیں عوام کے مفادات عزیز ہیں نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے ۔ جس کا عملی ثبوت آج کی یہ پر وقار شادی کی تقریب ہے جس میں تمام برادر اقوام سے تعلق رکھنے والے جوڑے شامل ہیں۔ اسلام ہمیں سادگی کا درس دیتا ہے اس کو اپناتے ہوئے ہمیں غلط رسومات کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی تا کہ لوگ بآسانی اپنی رسومات کو ادا کر سکیں ۔ ہم مستقبل میں بھی اتحاد بین المسلمین کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے اسی قسم کی تقریبات کا اہتمام کرے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس قسم کے تقریبات کے انعقاد سے شہر میں برادر اقوام کے درمیان بھائی چارہ گی کی فضاء قائم ہوگی اور ان عناصر کی حوصلہ شکنی ہوگی جو اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے برادر اقوام میں نفرت پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔اس پروقار تقریب میں علامہ ہاشم موسوی ، ممبر صوبائی اسمبلی سید محمد رضا ، اراکین اسمبلی ، کونسلران ، معززین شہر اور لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔