وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری تربیت علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا ہے کہ کراچی میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے خلاف ہونے والا آپریشن بلاول ہاؤس تک محدود نہیں رہنا چاہئے ملکی دولت لوٹنے میں آصف علی زرداری کیساتھ میاں برادران بھی کبھی پیچھے نہیں رہے۔انہوں نے کہاکہ بھتہ خور اگر پیسہ بلاول ہاؤس پہنچاتے تھے مسلم لیگ ن کے رہنماء کالعدم تنظیموں کے رہنماؤں کو تحفظ دینے میں پیش پیش رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے فوج کے خلاف بیان کو نظر انداز نہ کیا جائے اور اس کے جواب میں کراچی میں ہونے والے آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سمجھ چکی ہے کہ مفاہمت کی سیاست کا مقصد ایک دوسرے کی کرپشن پر پردہ ڈالنا تھا۔ اب فوج اور رینجرز کو پیچھے ہٹایا گیا توآئند ہ آنے والے دنوں میں کراچی سے بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کا خاتمہ ناممکن ہو جائے گا، دہشت گردوں اور کرپٹ سیاستدانوں کا احتساب فوجی عدالتوں میں ہی ممکن ہے۔فوجی عدالتوں کے خلاف ایک باقاعدہ سازش کے تحت بیانات دیے جارہے ہیںانہوں نے کہا کہ پاکستان میں عدالتی نظام موثر ہوتا توسینکڑوں دہشت گرد اس کمزور نظام کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ضمانت پر آزادی حاصل نہ کرتے اور ملک میں ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری اور کرپشن کا بازار گرم نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پشاور حملہ کے بعد فوجہ عدالتوں کا قیام نا گزیر تھا۔ فوجی عدالتوں کو عدل کا متوازی نظام کہنے کی بجائے وقت کی اہم ضرورت کہاجائے۔ انہوں نے کہا کہ بعض ملک دشمن عناصر کی جانب ملک کے معتبر ادارے فوج کو ہمیشہ تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور جو شخصیات اب فوجی عدالتوں کے خلاف بیانات دے رہی ہیں ان کا ماضی قوم کے سامنے ہیں، ملک میں دہشت کے خلاف کامیاب فوجی آپریشن فوجی عدالتوں کی مدد سے ہی اپنے منطقی انجام تک پہنچے گا۔ اگر ان عدالتوں کے خلاف کوئی فیصلہ کیا گیا تو یہ ملک میں دہشت گردوں کی جیت ہوگی۔ انہوںنے کہا کہ جب تک ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ نہیں ہوجاتا فوجی عدالتوں کو اپنا کام جاری رکھنا چاہئے۔