وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما ندیم افضل چن اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ایم ڈبلیو ایم کے احتجاجی کیمپ میں ملاقات کی اور اپنی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ بعدازاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کا ہڑتالی کیمپ ملک کے ہر اس باشعور فرد کی ترجمانی کرتا ہے جو ملک میں جبر و ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ رکھتا ہے۔ مذہبی تنگ نظری اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی کا موقف بالکل واضح ہے۔ دہشتگردوں کے سہولت کار ملک و قوم کے غدار ہیں۔ اس ظلم و بربریت کے خلاف ہم اپنی سوچ، نظریہ اور افرادی قوت کے ساتھ علامہ راجہ ناصر عباس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے شیعہ کمیونٹی کے پڑھے لکھے طبقے اور مختلف شعبوں کے ماہرین کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دونوں سیاسی رہنماوں کی آمد پر شکریہ ان کا ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو کمزور کرنے کے لئے اسے گروہ در گروہ تقسیم کیا جا رہا ہے، حتی کہ مقتولوں کی شناخت بھی مذہب و مسلک کے ساتھ نتھی کی جا رہی ہے۔ ہندو، عیسائی، سکھ اور مسلمانوں سمیت کوئی بھی قتل ہو، یہ انسانیت کا قتل ہے، ہم اس ظلم کے خلاف ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکمرانوں کی ناکام پالیسیاں اس ملک کی تباہی کا باعث بنی ہوئی ہیں۔ ظلم، ناانصافی، ریاستی جبر اور حکومتی اداروں کا اختیارات سے تجاوز قومی بدحالی کا بنیادی سبب ہے۔ ہم نے انصاف کے حصول اور قومی سلامتی کے لئے جو مطالبات پیش کر رکھے ہیں، ان پر جب تک عمل درآمد نہیں ہوتا، تب تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔