حکومت مذاکرات کا ڈرامہ بند کرے ، فوج طالبان کے خلاف فیصلہ کن کاروائی کاآغاز کرے، ناصر شیرازی

09 June 2014

وحدت نیوز(لاہور) مسلم لیگ نواز کی حکومت نے پاکستان کو سکیورٹی رسک اسٹیٹ بنا دیا ہے۔ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت ملک دہشت گردوں کی جنت بن چکا ہے، تفتان میں زائرین اور کراچی میں ایئر پورٹ پر حملہ نواز حکومت کی واضح نا اہلی اور دہشت گردوں سے اس کی ہمدردانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے،زائرین کو فل پروف سکیورٹی کی فراہمی صوبائی حکومت کی آئینی و اخلاقی ذمہ داری تھی، پاک فوج ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں مذاکرات کی ڈھونگ کا خاتمہ کر کے فیصلہ کن جنگ کا آغاز کرے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے لاہور پریس کلب لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی حکومت نے خدشات کے باوجود ایران سے آنے اور ایران جانے والے زائرین کی سکیورٹی کے لئے کوئی جامع حکمت عملی مرتب نہیں کی ۔ سکیورٹی اداروں اور صوبائی حکومت کی غفلت کی بدولت قوم ایک مرتبہ پھر اندہوناک سانحہ سے دوچار ہو ئی ہے۔ 25سے زائدبے گناہ خواتین ، مرد اور بچے شہید جب کے دسیوں شدید زخمی ہوئے۔زائرین کو بے دردی کے ساتھ اندھادھند گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے بے حسی کا مجسمہ بنے ہوئے ہیں ، جس طرح وزیر ستان میں ایئر اسٹرائک کے نتیجے میں ملک دشمن دہشت گردوں کو واصل جہنم کیا جارہا ہے اسی طرح کوئٹہ تفتان روٹ پر موجود دہشت گردو ں کے ٹھکانوں پر پھر بھی فضائی بمباری کی جائے۔ کراچی ایئرپورٹ اورتفتان بارڈر سانحہ ایک ہی گروپ آف کمپنیز کی کارستانی ہے۔ جو حکومت ائیرپورٹ جیسے حساس اثاثے کی حفاظت نہیں کر سکتی اسے اقتدار پر قابض رہنے کا کوئی حق نہیں پہنچتا۔ کراچی میں ائیرپورٹ پر دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے اے ایس ایف اور پی آئی اے کے اہلکار ہمارے گھر کے شہید ہیں ، تفتان اور کراچی کے شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دونوں سانحات میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے خدا کی بارگاہ میں دعا گو ہیں۔ البتہ ان دونوں سنگین سانحات کے رو نما ہو نے کے بعد میاں نواز شریف کے اقتدار میں رہنے کااخلاقی جواز ختم ہو چکا ہے۔ میاں صاحب اپنی ناکامی اور نااہلی کو مدنظر رکھتے ہوئے مستعفی ہوجائیں۔

 

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم آج بھی اپنے واضح اور دو ٹوک موقف پر قائم ہیں کہ آئین ، قانون اور ریاست کے باغیوں اور شہریوں کے قاتلوں کے ساتھ مذاکرات ریاست کو کمزور اور دہشت گردوں کو تقویت بخشنے کے مترادف ہیں ، لہٰذا عوام موجودہ کمزور، ڈرے ہوئے، بزدل حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں ، اٹھارہ کروڑعوام کا فقط ایک ہی مطالبہ ہے کہ ملک و قوم کے دشمن طالبان کے ساتھ زبان سے نہیں گولی سے بات کی جائے، مزید وقت ضائع کیئے بغیر پاک فوج ان سفاک دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کاروائی کا آغاز کرے انشاء اللہ اٹھا رہ کروڑ عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ ہوگی۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان اس دلخراش سانحے پر تین روزہ سوگ کا اعلان کرتی ہے اور جنازوں کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree