وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور خارجہ ڈاکٹرسید شفقت شیرازی نے مصر کے معروف روزنامہ النہار میں سعودی وزیر دفاع محمد بن سلمان ال سعود کے پاکستان بارے شائع ہونے والے کلمات کو انتہائی تضحیک آمیزاور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہ کہ سعودی وزیر دفاع کا یہ بیان انتہائی توہین آمیز ہے کہ پاکستانی قوم اور حکومت سب جھوٹے ہیں اور سعودیہ سے بھیک مانگتے ہیں۔سعودی وزیر نے افواج پاک کو تقسیم کرنے کی سازش کی ہے۔ ہماری حکومت کو چاہیے کہ اس بیان پر سعودی سفیر کو طلب کر کے سخت انداز میں بازپرس کی جائے ۔انہوں نے کہا سعودی حکومت کو یہ بات دماغ میں بٹھا لینی چاہیے کہ پاکستان سعودیہ کی کوئی غلام ریاست نہیں بلکہ ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے۔یہ ہمیں آل سعود نے تحفے میں نہیں دیا بلکہ ہمارے اباو اجداد نے قربانیاں دے کر حاصل کیا ہے۔کسی ملک کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ہماری خود مختاری کو چیلنج کرے۔ڈاکٹر شفقت شیرازی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی وقار کو ذاتی تعلقات کی نذر نہ کیا جائے۔سعودی حکومت کو دوٹوک انداز متنبہ کیا جائے کہ وہ پاکستان کے حوالے سے اپنے بیانات میں احتیاط سے کام لیں اور آئندہ ذرائع ابلاغ کو ایسے بیان سے باز رہے جس میں پاکستانی عظمت و حمیعت پر حرف آتا ہو۔