وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ امور سیاسیات کے زیراہتمام لاہور میں منعقدہ رسول اعظمﷺ امن کانفرنس کی تیاریاں اختتامی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں ،تکفیری جماعتوں اور ان کے حامیوں کے علاوہ ملک بھر کی مختلف سیاسی و مذہبی شخصیات کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جاچکی ہے، ایم ڈبلیوایم کے مرکزی پولیٹیکل سیکریٹری ناصر شیرازی کے کوآرڈینیٹرآصف رضا کے مطابق ایوان اقبال لاہور میں 11جنوری 2015کوایم ڈبلیوایم پولیٹیکل سیل کے زیر اہتمام منعقدہ رسول اعظمﷺ امن کانفرنس کی صدارت سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کریں گے، جبکہ دیگر مقررین میں پاکستان پیپلز پارٹی کےرہنما ندیم افضل چن، مسلم لیگ (ن)کے رہنما شیخ وقاص اکرم، متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماحیدرعباس رضوی، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی، پاکستان عوامی تحریک کے رہنما ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الہٰی ، مہتمم جامعہ نعیمیہ مفتی راغب نعیمی، سنی اتحاد کونسل کے رہنما صاحبزادہ حسن رضا، مرکزی صدر آئی ایس او تہور حیدری، ایم ڈبلیوایم کے رکن بلوچستان آغا رضا رضوی، ایم ڈبلیوایم کے رہنما ناصر شیرازی ، علامہ احمد اقبال اور علامہ عبد الخالق اسدی شامل ہوں گے۔ آصف رضا کے مطابق ایم ڈبلیوایم کے سیاسی شعبے کی جانب سے تمام معزز مہمانان گرامی کو دعوت نامے ارصال کردیئے گئے ہیں ، جبکہ تقریباً تمام شخصیات نے کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی کروائی ہے۔