وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی جیسی لعنت سے چھٹکارا دلانے کے لیے سیاسی قوتوں کو افہام و تفہیم کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔پاکستان کی سلامتی و بقا دہشت گردی کے خاتمے سے مشروط ہے۔ حکومت سمیت تمام سیاسی جماعتوں کوملک میں امن امان کے حقیقی قیام کے لیے یکساں کوششوں کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جاری فوجی آپریشن قومی ضرورت اور عوام کی امنگوں کا عکاس ہے۔اس سلسلے میں پاک فوج کے اقدامات کی حمایت نہ کرنا حب الوطنی کے منافی ہے۔ دہشت گرد اور کرپٹ عناصر کے خلاف افواج پاک کی بلاتخصیص کاروائی قانون و انصاف کی بالادستی کا عملی اظہار ہے جسے دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن میں بیلنس کی پالیسی اختیار کر کے بے گناہ افراد کو ہراساں کر رہی ہے جو نیشنل ایکشن پلان کو نقصان پہنچانے کی دانستہ کوشش ہے۔ پنجاب حکومت اپنی صفوں سے دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے اور تفرقہ پھیلانے والے عناصر کو باہر نکالیں۔ ملک اس وقت تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے ایسی صورتحال میں قومی سلامتی کو مقدم رکھنے کی ضرورت ہے۔سیاسی جماعتوں کے مابین نزاعی صورتحال دہشت گردی کے خلا فوجی اقدامات کے لیے نقصان دہ ہے۔ وطن عزیز کی سلامتی و استحکام کے لیے افواج پاک داخلی و خارجی محاذوں پر پوری جرات سے برسرپیکار ہے۔یہ وقت باہمی جھگڑوں سے نکل کر ملک دشمن قوتوں کے خلاف باہم ہونے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی طرف سے ڈو مور کا مطالبہ دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں کو متاثر کرنے کی سازش ہے۔ پاک فوج کو کسی غیر ملکی ڈکٹیشن کی ضرورت نہیں اور وہ دہشت گردی کے مراکز کے خاتمے میں بہترین نتائج حاصل کر رہی ہے۔