وحدت نیوز (راولپنڈی) راولپنڈی کے نواحی علاقے شکریال کی مسجد القائم وامام بارگاہ قصر سکینہ ؑپر حملے میں شہید ہونے والے دو شہداءکی نماز جنازہ ایکسپریس وے پر سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ ناصر عباس جعفری کی زیر اقتداءاداکردی گئی، نماز جنازہ کے اختتام پر علاقہ مکینوں ، شیعہ سنی عوام اور ایم ڈبلیوایم کے کارکنان نے شہداءکے جنازوں کے ہمراہ ایکسپریس وے پر علامتی دھرنا بھی دیا اور قاتلوں کی گرفتاری اور ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن فوجی آپریشن کا مطالبہ کیااس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ اسلام کے نام ملک بھر میں بے گناہ نمازیوں کا قتل عام جاری ہے،تکفیری دہشت گرد اوران کے سیاسی سرپرست اسلام اور پاکستان کیلئے باعث ذلت و رسوائی بنتے چلے جارہے ہیں ، ملت جعفریہ مسلسل دہشت گردی کا شکار ہونے کے باوجودحب الوطنی پر کوئی سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں ،راولپنڈی میں ایک ماہ کے دوران دہشت گردی کے دو حملے ہوئے لیکن کسی حکومتی اہلکار کو اظہار افسوس و تعزیت کی توفیق نصیب نہیں ہوئی، پاکستان کو بچانے کیلئے تمام محب وطن عوام کو اکھٹا ہوکر گھروں سے نکلنا ہوگا، اگر ملک بھر میں جاری شیعہ نسل کشی پر قابو نہ پایا گیااور تکفیری دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس فوجی آپریشن کا آغاز نہ کیا گیا تو ہمارا اگلادھرنا جی ایچ کیو پر ہوگا،حکمرانوں کی بددیانتی ، کرپشن اور دہشت گردوں کی پشت پناہی کے باعث عوام کو انصاف و امن کی امید فقط پاک فوج سے وابستہ ہے، اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے رہنما علامہ اصغر عسکری، علامہ علی شیر انصاری، علامہ ضیغم عباس، اقرار ملک سمیت ہزاروں کی تعداد میں عوام موجود تھی۔