کامیاب مذاکرات کے بعدوزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے مطالبات کی منظوری اورشہداء کمیٹی کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان

19 February 2015

وحدت نیوز (کراچی ) وزیراعلٰی ہاؤس کراچی میں سندھ حکومت اور شہداء کمیٹی کے وفد کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور نتیجہ خیز رہا، شہداء کمیٹی کی جانب سے پیش کردہ تمام مطالبات  تسلیم کر لئے گئے۔ کامیاب مذاکرات کے بعد سی ایم ہاوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلٰی سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ حکومت سانحہ شکارپور کے متاثرین کے ساتھ ہے۔ ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے اعلان کیا کہ سانحہ شکار پور کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلایا جائے گا اور تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دی جائے گی۔ شہدا کمیٹی کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی کا کہنا تھا کہ ان کی تحریک حکومت نہیں دہشتگردی کے خلاف ہے۔ تکفیری سوچ انسانیت کیلئے خطرہ ہے، امید ہے کہ حکومت ہمارے مطالبات کے حل کیلئے تیزی سے اقدامات کرے گی، علامہ مقصود ڈومکی کے اعلان کے بعد سانحہ شکار پور کے متاثرین نے 37 گھنٹے بعد دھرنا ختم کر دیا۔ شہداء کے لواحقین نے شکار پور سے کراچی تک 582کلو میٹر طویل لانگ مارچ کیا تھا۔ وزیراعلٰی ہاؤس کے باہر احتجاج کی اجازت نہ ملنے پر لانگ مارچ کے شرکاء نے نمائش چورنگی پر دھرنا دیا، جس میں مجلس وحدت مسلمین سمیت  دیگر شیعہ تنظیموں نے بھی شرکت کی تھی۔

 

دیگر ذرائع کے مطابق حکومت سندھ سے مذاکرات کامیاب ہوگئے، سانحہ شکار پور کی شہداء کمیٹی اور مجلس وحدت مسلمین نے کراچی میں نمائش چورنگی پر دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل کا کہنا ہے کہ شہداء کمیٹی سے 22 مطالبات پر مذاکرات ہوئے، شکارپور میں ایپکس کمیٹی کی نگرانی میں پولیس اور رینجرز کے آپریشن اور سرکاری املاک پر مذہبی جماعتوں کے قبضے ختم کرانے کے مطالبات بھی مان لئے ہیں۔ علامہ مقصود علی ڈومکی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سندھ حکومت سے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں، مذاکرات کامیاب بنانے میں وزیراعلٰی نے کوششیں کیں، ہمیں پوری امید ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی ہوگی، ہماری تحریک دہشتگردی، مذہبی تفریق کے خلاف ہے، ہم سندھ کی جمہوری حکومت کے خلاف تحریک نہیں چلا رہے۔ علامہ مقصود ڈومکی کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہداء کمیٹی میں 14 افراد ہیں، جن میں لواحقین بھی شامل ہیں، جبکہ شکار پور میں بھی ایک کمیٹی بنائی جائیگی جو کارروائیوں کا جائزہ لے گی، کمیٹی دیکھے کہ دہشتگرد کس تنظیم یا مدرسے سے ہے۔ اس موقع پر وزیراعلٰی سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ میری گزارش تھی کہ معاملات حل ہوجائیں، بات چیت سے مسائل کا حل نکلتا ہے، حکومت کی ذمے داری ہے مطالبے پورے کئے جائیں، وزیراعلٰی نے سانحہ شکار پور کے شہداء کے لواحقین کیلئے 20، 20 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا، جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ بحریہ ٹاون کے چیئرمین ملک ریاض نے بھی شہدائے شکارپور کے لئے 10،10لاکھ روپے دینے اور زخمیوں کیلئے 5، 5لاکھ روپے دینے کا اعلان کیاہے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree