وحدت نیوز(اسلام آباد) کرم ویلی ٹیچر ایسوسی ایشن کے تحت یکم جولائی2012سے فاٹا اساتذہ کی اپ گریڈیشن پر پابندی کے خلاف نیشنل پریس کلب کے باہر جاری احتجاجی دھرنے میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نےخصوصی شرکت کی اور شرکائے دھرنا سے خطاب بھی کیا، اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے رہنما علامہ آغا سید علی رضوی، ارشاد حسین بنگش اور محمد علی بھی موجود تھے، علامہ راجہ ناصرعباس نے اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے فاٹا اساتذہ کی حق تلفی قابل مذمت ہے، معاشرے کے سب سے قابل احترام طبقے کے حقوق غصب کرنا غیر اخلاقی اور غیر آئینی اقدام ہے ، مجلس وحدت مسلمین متاثرہ اساتذہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، وفاقی حکومت فاٹا کے اساتذہ کے ساتھ متعصبانہ رویہ ترک کرے اور ان کی قابلیت ، اسکیل اور مدت ملازمت کو مد نظر رکھتے ہوئے فوری اپ گریڈیشن کے احکامات جاری کرے۔