وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے سترہ روز سے جاری بھوک ہڑتالی کیمپ میں منعقدہ ’’شہداء کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی ملک میں سرطان کی شکل اختیار کر گئی ہے، جس کا سدباب کئے بغیر ملک میں امن قائم نہیں کیا جاسکتا، حکمرانوں نے نیشنل ایکشن پلان کی سمت تبدیل کرکے عوام کی پیٹھ میں خنجر گونپا ہے، یہی وجہ ہے کہ چند نکات کے علاوہ نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات کو معطل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پتہ چلا ہے کہ شہباز شریف نے ہمارے مطالبات تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے، ہم انہیں بتا دینا چاہتے ہیں کہ مطالبات کی منظوری تک ہم یہی بیٹھے ہیں، شہباز شریف صاحب آپ کو ہمارے آئینی و قانونی مطالبات تسلیم کرنا پڑیں گے، لوگ مجھ سے اسلام آباد کی طرف آنے کا پوچھتے ہیں، لیکن میں کب تک لوگوں کو روک سکوں گا، ہم پرامن لوگ ہیں، ہماری تحریک پرامن ہے، ہم کہتے ہیں کہ ہمارے مطالبات تسلیم کرو، اگر یہ تحریک 100 دن بھی چلانی پڑی تو چلائیں گے، شہباز شریف کو پنجاب میں عزاداروں کے خلاف کاٹی گئیں بےبنیاد ایف آئی آرز واپس لینا ہوں گی، خطباء و ذاکراین پر عائد پابندی اٹھانا ہوگی، کالعدم جماعتوں کے خلاف آپریشن کرنا پڑے گا۔ جب تک حکمرانوں کی گردن پر عوام کا پیر نہ آئے یہ ٹس سے مس نہیں ہوتے۔
علامہ ناصر عباس نے کہا کہ ہماری تحریک شیعہ سنی سب کیلئے ہے، پنجاب میں دورد و سلام پڑھنے والوں کے خلاف مقدمات بنا دیئے گئے، عزاداری سیدالشہداء کا اہتمام کرنے والوں کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں مقدمات درج کر دیئے گئے ہیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے دوٹوک انداز میں واضح کیا کہ ان کی تحریک کے کوئی سیاسی مقاصد نہیں ہیں، وہ کسی حکومت کو گرانے نہیں چلے ہیں اور نہ ہی کسی غیر جمہوری عمل کا حصہ بنیں گے۔ ہماری تحریک فقط اپنے حقوق کی بازیابی کے لئے ہے۔ ہمیں اپنے حقوق دیدو ہم یہاں سے چلے جائیں گے۔ ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ عمران خان سے کہتا ہوں کہ جو چیزیں طے ہوئی ہیں، ان پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔ وہ عمل عوام کو نظر آنا چاہیئے۔ علامہ ناصر عباس نے پنجاب حکومت اور وفاقی حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں عوام کو گھروں سے نکلنے سے روک رہا ہوں، لیکن یاد رکھیں کہ کب تک روکوں گا۔ اگر عوام سڑکوں پر نکل پڑے تو انہیں خس و خاشاک کی طرح بہا کر لے جائیں گے۔ یوم شہداء کی تقریب میں ڈیرہ اسماعیل خان سے ٹارگٹ کلنگ کے شکار شہداء کے ورثاء نے بھی خصوصی شرکت کی۔