وحدت نیوز(لندن) لندن میں وزیراعظم نواز شریف کی آمد کے موقع پرپارک لین میں ان کی رہاش گاہ کے باہر پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے فرقہ وارانہ دہشتگردی کے خلاف مظاہرہ کیا اور وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کہ وہ اس پر ایکشن لیں۔ وزیراعظم نواز شریف کے گھر کے باہر ہونے والے مظاہرے کی قیادت علامہ غلام خر شبیری، علامہ سید علی رضارضوی ، علامہ مشرف حسینی، علامہ جعفر نجم،علامہ تقی رضوانی اور علامہ حسن معروفی نے کی جبکہ احتجاج میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک تھی، مظاہرین نے 14 روز سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر بھوک ہڑتال پر بیٹھے علامہ ناصر عباس جعفری سے اظہار یکجہتی کیا اور کہا کہ ان کا احتجاج نہ تو پہلا ہے اور نہ ہی آخری ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ قائد وحدت کی ثابت قدمی اور شجاعت کو سلام پیش کرتے ہیں، جو مکتب اہل بیت (ع) کی خاطر اتنی بڑی قربانی دے رہے ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ علامہ ناصر عباس نے تاحال قوم کو نہیں پکارا، جب وہ اعلان کریں گے تو پوری دنیا میں ان کے چاہنے والے ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر دہشتگردی کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے حکومت اور ریاستی اداروں سے کالعدم جماعتوں اور دہشتگردوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ خدانخواستہ نیشنل ایکشن پلان ناکام ہوگیا تو پاکستان ایک ناکام ریاست بن جائیگی۔