وحدت نیوز(اسلام آباد) ملی یکجہتی کونسل پاکستان نے بھی علامہ ناصرعباس جعفری کی بھوک ہڑتال کی حمایت کردی اور مطالبہ کیا ہے کہ حکومت مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصرعباس جعفری کے مطالبات کو تسلیم کرے۔ ملی یکجہتی کونسل کے وفد کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی قیادت میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر لگے بھوک ہڑتالی کیمپ میں علامہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات کی اور ان سے اظہار یکجہتی کیا۔ وفد میں جماعت اسلامی کے مرکزی نائب صدر میاں اسلم اور ملی یکجہتی کونسل کے رہنما ثاقب اکبر بھی موجود تھے۔ رہنماوں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں شیعہ سنی افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی جا رہی ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، ہر طرف بےبسی اور بےحسی کی کیفیت پائی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے بےحسی کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے، پشاور اور ڈیرہ اسماعیل خان میں پروفیشنلز کو چن چن کر قتل کیا گیا، لیکن پی ٹی آئی کے کسی وزیر نے شہداء کے خانوادوں کی اشک شوئی تک نہ کی، حتٰی ان واقعات کی مذمت تک نہ کی۔ پارا چنار میں بےگناہ مظاہرین پر فائرنگ کرکے ایف سی کمانڈنٹ نے اپنے ہی پاکستانی بھائیوں سے زندگی کا حق چھین لیا۔ پنجاب میں بےگناہ افراد پر نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں پرچے کاٹے جا رہے ہیں، دورد و سلام پڑھنے پر اہل سنت بھائیوں کو تنگ کیا جا رہا ہے، کراچی میں سماجی کارکن خرم ذکی کو شہید کر دیا گیا، ایسے میں جب ہر طرف خاموشی ہے تو مجبور ہوا کہ اس طریقہ احتجاج کو اپناوں۔ اس موقع پر لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت آپ سے اظہار یکجہتی کرتی ہے اور آپ کے تمام جائز مطالبات کو تسلیم کئے جانے کا مطالبہ کرتی ہے۔