وحدت نیوز(اسلام آباد) بھوک ہڑتال پر بیٹھےمجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی کیمپ میں تشریف لانے والے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے پریس کانفرنس کے دوران مجلس وحدت مسلمین کی قیادت کو آخری دم تک ساتھ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے لیے شرم کا مقام ہے کہ ملک کی ایک بڑی مذہبی و سیاسی جماعت کا قائد اپنے قوم کے جائز مطالبات منوانے کے لیے بھوک ہڑتال کر رہا ہے۔ملک بھر میں شیعہ نسل کشی اور پارہ چنار کی حالیہ بربریت کے خلاف ہم صدائے احتجاج بلند کرتے ہیں اور مجلس وحدت مسلمین کے تمام مطالبات کی منظوری تک ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ دریں اثنا سارا دن احتجاجی کیمپ میں مختلف وفود کا آنا جانا لگا رہا۔ راولپنڈی سے علما اور شیعہ عمائدین کی ایک بڑی تعداد نے علامہ علی اکبر کاظمی کی قیادت میں علامہ ناصر عباس سے ملاقات کی۔مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی قیادت کی طرف سے بھوک ہرتال کا سلسلہ شروع ہو نے کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں ملت تشیع کے اہم مقامات پر احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔