وحدت نیوز (اسلام آباد) بلوچستان میں علیحدگی پسند دہشت گردوں اور مذہبی انتہا پسندوں کی سرپرستی بھارت کر رہا ہے،انتہا پسند ہندوئوں نے کشمیری مسلمانوں کے لئے زمین تنگ کر دی ہے،بھارت میں پی سی بی آفیشل کے خلاف ہرزہ سرائی اور مسلم اقلیت پرانتہاپسندوں کے مظالم نے بھارتی سیکولر ازم کا پول کھل گیا ہے،نریندر مودی انتہا پسند بھارتی غنڈوں کی سرپرستی کر رہاہے،انتہا پسند ہندوئوں کے اقدامات خطے کو عدم استحکام کا شکار کر دیں گے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کیا ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پاک چین اقتصادی راہ داری اور پاکستان میں اپنے لے پالک دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے خاتمے سے پاگل پن کا شکار ہے،انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحانہ عزائم سے مقابلے کے لئے پاکستانی قوم متحد و یکجان ہے،انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے حکمرانوں نے انڈیا کی زیادتیوں پر چپ کا روزہ رکھا ہوا ہے ،حکمرانوں کو اپنے عوام پر اعتماد کرتے ہوئے چپ کا روزہ توڑنا ہوگا،حکمران اپنے ذاتی مفادات کے بجائے قومی وقار اورملکی مفاد کو ترجیح دیں،بھارت مخالف لوگوں پر طنز کے نشتر چلانے والوں کو ہندوئوں نے اوقات یاد دلا دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انڈیانے اتنا عرصہ گذر جانے کے باوجود پاکستان کو دل سے تسلیم نہیں کیا اور نا ہی وہ پاکستان سے بہتر تعلقات کے کبھی بھی خواہشمند رہا ہے ہندوستان خود کو دنیا کاسب سےبڑا جمہوریت اور سیکولر ملک گردانتا ہے جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے وزیر اعظم مودی اوراس کی متعصب و دہشت گرد جماعت کے اقدامات سے ان کا صل چہرہ بے نقاب ہوا ہے ،ہمارے عاقبت نا اندیش حکمران اور دانشورو فنکاربھارت سے دوستی کے راگ الاپتے نہیں تھکتے،انہوں نے کہا کشمیر پاکستان کی شہ رگ حیات ہے،ہم اس جنت نظیر خطے اور اس کے حریت پسند عوام کو ازلی دشمنوں سے آزادی دلوا کر دم لیں گے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دنیا بھر میں اسلامی تحریکیں کامیاب ہونگی اور حق کا بول بالا ہوگا۔