وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل و سربراہ امورخارجہ علامہ سید شفقت شیرازی نے یوم آزادی کے موقع پر پوری پاکستانی ملت کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جس جذبہ ملی و قومی کے ساتھ ہمارے آباؤ اجداد نے وطن عزیز پاکستان کی آزادی کی تحریک چلائی تھی اب ایک بار پھر سب اسی جذبے کے ساتھ اپنے مذہبی ، قومی و لسانی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ہر محب وطن پاکستانی اس سرزمین کے ہر کونے اور چپے چپے پر سبز ہلالی پرچم لہرانے کے لئے متحد ہونا ہوگا۔ اور اپنے اپنے انفرادی فرائض اور ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے معاشرے کی ترقی کا سبب بننا ہوگا۔
ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ تکفیریت معاشرے کو ٹکڑے ٹکڑے کرتی ہے اور قومیت پرستی کو ہوا دینا وطن کو توڑنے اور کمزور کرنے کا باعث بنتا ہے۔ جب قومیں آپس میں دست و گریبان ہوتی ہیں اور مختلف مذہبی و قومی اختلافات اور لڑائی جھگڑوں میں مشغول ہو جاتی ہیں تو خود غرض ، لالچی اور مفاد پرست لوگ وطن کا سودا کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے ۔ اور پھر قومیں اغیار کے ہاتھوں ذلیل و رسوا ہوجاتی ہیں۔۔ ان قومون کا انجام بھیانک ہوتا ہے۔ لہذا آئیں جشن آزادی منانے کے ساتھ ساتھ ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے متحد ہوجائیں اور ملک دشمن قوتوں اپنی صفوں سے نکال باہر کھڑا کریں۔