وحدت نیوز(اسلام آباد) الیکٹرانک میڈیا کو کنٹرول کرنے والی اتھارٹی پیمرا نے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ ناصر عباس کی بھوک ہڑتال کی لائیو کوریج کرنے پر ٹی وی چینل 24 اور دنیا ٹی وی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ شوکاز میں کہا گیا ہے کہ براہ راست کوریج کے دوران علامہ ناصر عباس جعفری اور سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے سپریم کورٹ اور پاک فوج سمیت ریاستی اداروں کو بلاوجہ تنقید کا نشانہ بنایا ہے، جو پیمرا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ نوٹس میں دونوں ٹی وی چینلز کو 23 مئی تک جواب دینے کی ہدایت کی ہے اور کہا گیا ہے کہ اگر جواب نہ دیا گیا تو اتھارٹی دونوں چینلز کے لائنس منسوخ کرسکتی ہے۔ دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل کی جانب سے پیمرا کے اس فیصلے کی سخت مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ پیمرا حکومتی ایما پر آزادی اظہار پر قدغن لگانے کی کوشش کر رہا ہے۔