وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اصغر عسکری نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔انتظامیہ ماہ رمضان کے دوران پولیس کے گشت کے نظام کو بہتر بنائے۔تمام اضلاع میں متعلقہ تھانوں کو خصوصی ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ نماز و تراویح کے اوقات اور مذہبی تقریبات کے دوران سیکورٹی کے معاملات پر کڑی نظر رکھیں۔انہوں نے کہا کہ انیس رمضان المبارک سے حضرت علی علیہ السلام کے یوم شہادت کے سلسلے میں ملک بھر میں مجالس و جلوس کا سلسلہ شروع ہو جائے گا ۔ ان ایام میں امام بارگاہوں اور جلوس کے روٹس کی سیکورٹی کا قبل از وقت جائزہ لیتے ہوئے موثر اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔دہشت گرد ملک میں بد امنی پھیلانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے ۔ایسی صورتحال میں انتہائی چوکس رہنا ہو گا تا کہ دشمن کا کوئی وار کارگر ثابت نہ ہو سکے۔علامہ اصغر عسکری نے حکومت پنجاب اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ یوم شہادت حضرت علیؑ کے موقعہ پر مجالس و جلوس کے پروگراموں کی سیکورٹی کو فول پروف بنانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔