وحدت نیوز (لاہور) دہشت گردوں کیخلاف بے رحمانہ آپریشن کے بغیر پنجاب میں امن کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں،کالعدم جماعتوں کیخلاف بھر پور کاروائی کے بغیر دہشت گردی سے نجات ممکن نہیں،دہشت گردوں کے سہولت کار اور سیاسی سرپرستوں کو بے نقاب کرنا ہوگا،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے صوبائی سیکرٹریٹ میں کارکنوں کے اجلاس سے خطاب میں کیا انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن ہمارا دیرینہ مطالبہ تھا لیکن حکمرانوں کو خواب غفلت سے بیداری کے لئے سینکڑوں بیگناہوں کی لاشوں کا انتظار تھا،گلشن اقبال میں بربریت کی تاریخ رقم کرنے والے دہشت گرد اور ان کے ہمدردوں کا اسلام اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں،یہ لوگ ملک دشمنوں اور اسلام دشمنوں کے آلہ کار ہیں جو اپنے سوا سب کو کافر اور مرتد سمجھتے ہیں،ہمیں اس سوچ کے خلاف ایک قوم و ملت بن کر سامنے آنا ہوگا،پاکستان میں مسلمانوں کے جتنے حقوق ہیں اتنے حقوق ہمارے دیگر مذاہب سکھ،ہندو،عیسائی بھائیوں کا بھی ہے،وہ ہمارے برابر کے شہری اور اس مادر وطن کے بیٹے ہیں،انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین گلشن اقبال پارک کے متاثرین اور غمزدہ فیمیلز کے ساتھ ہیں اور ہم اس دہشت گردی کے ناسور سے نجات کے لئے ہر وقت آواز بلند کرتے رہیں گے خواہ اس کے لئے ہمیں جان کی بھی قربانی دینی پڑے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔